اسپین کے عام انتخابات میں 80.78 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد قدامت پسند پاپولر پارٹی اور انتہائی دائیں بازو کی جماعت ووکس مجموعی طور پر 184 نشستیں حاصل کرتی دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ 350 رکنی ایوان میں اکثریت کے لیے 176 نشستیں درکار ہیں۔
ابتدائی نتائج کے مطابق البرٹو نونیز فیخو کی پاپولر پارٹی کو 133 اور سانتیاگو اباسکال کی ووکس کو 51 نشستیں ملیں۔ وزیراعظم پیڈرو سانچیز کی سوشلسٹ پارٹی 117 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
ترک خبر ایجنسی انادولو کے مطابق ابتدائی ٹرن آؤٹ 79.56 فیصد رہا جو 2023 کے مقابلے میں تقریباً 13 فیصد زیادہ ہے، جبکہ 3 کروڑ 86 لاکھ سے زائد افراد ووٹ ڈالنے کے اہل تھے۔ یہ نتائج وزیراعظم سانچیز کے آٹھ سالہ اقتدار کے خاتمے کا سبب بن سکتے ہیں۔



