پنجاب میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے پر پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیع کر دی ہے، جس کے بعد یہ پابندی 26 دسمبر تک نافذ رہے گی۔ نوٹیفکیشن ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144(6) کے تحت جاری کیا گیا ہے اور اس میں سکیورٹی خدشات کو وجہ بتایا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز استعمال کیے جا سکیں گے، جن کے محفوظ استعمال کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر ہوگی۔ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔

محکمہ داخلہ نے ضلعی سطح پر محفوظ ڈرون استعمال کمیٹیاں قائم کی ہیں جو زراعت، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون کے استعمال کی تحریری اجازت دیں گی۔