ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا ٹرولنگ پر خاموشی توڑ دی

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے خود پر ہونے والی ٹرولنگ پر بالآخر خاموشی توڑ دی۔

ڈراما سیریل ’میرے ہمسفر’ اور ’مجھے پیار ہوا تھا’ کی اداکارہ ہانیہ عامر کا شمار لالی وڈ انڈسٹری کی اے لسٹر اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔

شوخ چنچل مزاج کی مالک ہانیہ عامر اداکاری کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی کافی فعال رہتی ہیں ، اداکارہ کی منفرد پوسٹ کو دیکھ کر اس بات کا اندازہ لگانا کوئی مشکل بات نہیں کہ انہیں زندگی جینے کا ہنر باخوبی آتا ہے اور وہ ہر لمحے کو کھل کر جینا چاہتی ہیں۔

تاہم انکی یہ پوسٹ صارفین کو کچھ خاص پسند نہیں آتیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ انہیں اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے سبب اکثر و بیشتر کافی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

اپنے حالیہ انٹرویو میں ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا ٹرولز کا مسلسل نشانہ بننے پر کھل کر بات کی اور تمام منفی باتوں سے نمٹنے کے اپنے طریقے بتائے۔

ہانیہ عامر سے سوال کیا گیا کہ وہ انٹرنیٹ پر ان تمام ٹرولرز سے کیسے نمٹتی ہیں، جو اداکارہ کو ان کی روزمرہ کی سرگرمیوں پر ٹرول کرتے ہیں اور اس کی بنیاد پر ان کے اخلاقی کردار کا فیصلہ کرتے ہیں؟

جواب میں ہانیہ عامر کا کہنا تھا کہ ،’سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ مجھ پر اثر انداز نہیں ہوتیں کیونکہ میں نے اپنی سوشل میڈیا اور ذاتی زندگی کو الگ رکھنا سیکھ لیا ہے۔’

اداکارہ کا کہنا تھاکہ ٹرولنگ کا اثر مجھ پر اس وقت ہوتا جب میرے قریبی رشتے دار جیسے میری والدہ میرے مینجر یا قریبی لوگ مجھے کہتے کہ میں غلط کر رہی ہوں پھر میں ان کی بات سنتی ہوں کیونکہ وہ میرے لیے اہمیت رکھتے ہیں اور ان کی رائے سے مجھے فرق پڑے گا۔’
ہانیہ عامر کا مزید کہنا تھا کہ،’میں نے خود کو صارفین کی جگہ رکھ کر سوچا ہے تو لگتا ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگ میرے بال، ٹیٹو یا کسی بھی دوسرے معاملے پر اپنی رائے دینے کا پورا پورا حق رکھتے ہیں ’۔

گفتگو کے اختتام میں اداکارہ نے مزید کہا کہ،’ مجھے پرواہ نہیں ہے کہ لوگوں کو میرے بالوں یا کسی بھی چیز سے مسئلہ ہے۔ مجھے منفی تبصرے نظر نہیں آتے۔’۔