پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے ایک ہی ہفتے کی نمائش میں تمام پاکستانی فلموں کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے

لاہور/ کراچی (آن لائن) پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے ایک ہی ہفتے کی نمائش میں تمام پاکستانی فلموں کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔شائقین فلم کے زبردست رش کی وجہ سے فلم مزید 100اسکرینز پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔برطانوی اخبار نے دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو گیم آف تھرونز اور ہالی ووڈ فلم گلیڈی ایٹر کا دیسی ورژن قرار دے دیا۔فلم قطر میں سپر ہٹ رہی اور سعودی میڈیا نے بھی فلم کو پاکستانی تاریخ کا بہترین پراجیکٹ قرار دے دیا۔معروف اداکار، رائٹر اور میزبان یاسر حسین نے کہا ہے کہ 1992کے ورلڈ کپ کے بعد پاکستان میں پیش آنیوالی بہترین چیز “دی لیجنڈ آف مولاجٹ”کی ریلیز ہے، سلطان راہی کے بعد فواد خان ہی ہمارا مولا جٹ ہے اور مولا جٹ کی ہیروئن ماہرہ خان ہی ہو سکتی تھی۔ یاسر حسین نے کہا کہ اگر ایک غلطی ہوئی ہے تو وہ ان سنیما ء والوں سے ہوئی ہے جنہوں نے یہ فلم نہیں لگائی، سنیما جانے والے فلم ضرور دیکھیں۔