دیہی علاقوں میں جعلی ادویات اور ویکسینز پر سینیٹ کمیٹی کا اظہار تشویش، محکمہ صحت کے حکام طلب

سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے مسائل کم ترقی یافتہ علاقہ جات نے دیہی علاقوں میں جعلی ادویات اور ویکسینز کی موجودگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت کے حکام کو 10 روز میں طلب کر لیا ہے۔

سینیٹر نیاز احمد کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں ارکان نے ڈریپ کی نگرانی میں کمزوریوں کی نشاندہی کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 10 اکتوبر 2026 سے تمام ادویات پر 2D بارکوڈ ٹریکنگ کا نظام نافذ ہے، جس کے ذریعے شہری موبائل فون سے دوا کے اصلی ہونے کی تصدیق کر سکتے ہیں۔

کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ قومی ویکسین پالیسی کابینہ کی منظوری کی منتظر ہے اور انسولین و ویکسین کی تیاری کے لیے روسی کمپنیوں سے مشترکہ منصوبوں پر بات چیت جاری ہے۔ حفاظتی ٹیکوں کا توسیعی پروگرام سالانہ 73 لاکھ بچوں کو 13 بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کا ہدف رکھتا ہے۔