پاکستان کی شام پر اسرائیلی حملوں کی مذمت، مقبوضہ علاقوں سے انخلا کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے سلامتی کونسل میں شام کی صورتحال پر بریفنگ کے دوران شامی سرزمین پر اسرائیل کے مسلسل حملوں اور دراندازی کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل خلاف ورزیاں بند کرے، مقبوضہ علاقوں سے نکل جائے اور 1974 کے ڈس انگیجمنٹ معاہدے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی پاسداری کرے۔ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت مقبوضہ گولان شام کا حصہ ہے اور اسرائیلی خلاف ورزیاں شام کی بحالی کی رفتار سست کر رہی ہیں۔

سید حیدر شاہ نے شام میں سیاسی منتقلی اور تعمیر نو کی حمایت کی، امریکا، یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے پابندیوں میں نرمی کا خیرمقدم کیا اور داعش سمیت دہشت گرد گروہوں کو بدستور خطرہ قرار دیا۔ اسی اجلاس میں اقوام متحدہ کے حکام نے بتایا کہ دسمبر 2024 کے بعد سے تقریباً 40 لاکھ شامی رضاکارانہ طور پر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔