وزارت خزانہ کا تمام سرکاری اداروں کو کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم

وزارت خزانہ نے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت محکموں، خودمختار اداروں اور کارپوریشنز میں حکومت کی مقرر کردہ کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنائیں اور عملدرآمد کی رپورٹ جمع کرائیں۔

آفس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ تنخواہیں بینکنگ چینلز کے ذریعے ادا کی جائیں اور کم از کم اجرت سے متعلق حکومتی فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔

یہ اقدام قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کی بار بار یاد دہانیوں کے بعد کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے 3 نومبر کو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں بجٹ 2026-27 میں منظور شدہ نظرثانی شدہ کم از کم اجرت پر عمل نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی تھی۔