جنوبی افریقہ میں فائرنگ کے دو واقعات، 17 افراد ہلاک

جنوبی افریقہ میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں 17 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دارالحکومت پریٹوریا کے قریب ایک کچی بستی میں ایک جھونپڑی سے 9 افراد کی لاشیں ملیں جن میں 6 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔

دوسرا واقعہ مشرقی شہر پیٹرماریٹزبرگ کے نواحی علاقے میں پیش آیا، جہاں گولیوں سے چھلنی ایک گاڑی سے 8 مردوں کی لاشیں ملیں جن کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ ان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

صوبائی پولیس کمشنر ٹومی متھومبینی کے مطابق پریٹوریا کا واقعہ گزشتہ برس قریبی بستی میں ہونے والی فائرنگ سے جڑا ہو سکتا ہے جس میں 12 افراد مارے گئے تھے۔ صوبہ کوازولو نٹال کے سربراہ تھامسانکا نتولی نے ان ہلاکتوں کا ذمہ دار غیر قانونی اسلحے کے پھیلاؤ کو قرار دیا۔