چترال میں ٹمبر اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، 21 گاڑیاں ضبط، 50 لاکھ روپے جرمانہ

چترال فاریسٹ ڈویژن نے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی روکنے کے لیے ٹمبر اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

ڈویژنل فاریسٹ آفیسر آصف علی شاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران 4 ہزار 164 مکعب فٹ غیر قانونی لکڑی قبضے میں لی گئی، 21 گاڑیاں ضبط کی گئیں اور 50 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ عدالتی احکامات کے تحت 25 ہزار 184 مکعب فٹ ضبط شدہ لکڑی بھی محفوظ کر لی گئی ہے۔

ان کے مطابق 48 عادی ملزمان کے نام ایم پی او کی دفعہ 3 کے تحت نظربندی کے لیے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو بھجوائے گئے ہیں، جبکہ حساس علاقوں خصوصاً دیودار کے جنگلات کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈی ایف او کا کہنا تھا کہ جنگلات کی کٹائی سے زمینی کٹاؤ اور سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔