پانی کے حق سے محروم کرنے کا کوئی بھی بھارتی اقدام جنگی اقدام تصور ہو گا: یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس کے پانی کے حق سے محروم کرنے کے لیے بھارت کا کوئی بھی یکطرفہ اقدام جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں فن لینڈ کے نائب وزیر برائے بین الاقوامی تجارت یارنو سیریالا اور فن لینڈ کے کاروباری وفد سے ملاقات میں کہی۔ گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران تحمل کا مظاہرہ کیا اور وہ خطے کے استحکام کے لیے پرعزم ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 برس کو معاشی شراکت داری میں بدلنے پر زور دیا اور ٹیلی کام، قابل تجدید توانائی، معدنیات اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون، مشترکہ اقتصادی کمیشن کے قیام اور باقاعدہ پارلیمانی تبادلوں کی تجویز دی۔ یہ 75 برس میں پاکستان آنے والا فن لینڈ کا پہلا وزارتی سطح کا کاروباری وفد ہے۔