فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کانگو کے ڈیفنس چیف کی ملاقات

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے آرمڈ فورسز آف ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل باہنزا میویلہم زہولے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے ملاقات کی۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال، دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فریقین نے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مضبوط بنانے کیلئے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

کانگو کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل باہنزا میویلہم زہولے نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہوں سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔