تاجکستان سے قدرتی آفات سے نمٹنے کے تجربات شیئر کرنے کےلیے تیار ہیں، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی آفات سے نمٹنے کے تجربات تاجکستان کے ساتھ شیئر کرنے کےلیے تیار ہے۔

اسحاق ڈار نے دو شنبے میں تاجکستان کے وزیراعظم سے ملاقات کی، اس دوران دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان نے تجارت، توانائی، رابطوں اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے ثقافت اور عوامی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا اور موسمیاتی تبدیلیوں اور آبی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان قدرتی آفات سے نمٹنے کے تجربات تاجکستان کے ساتھ شیئر کرنے کےلیے تیار ہے۔

دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور تاجکستان نے علاقائی امن اور معاشی انضمام کے فروغ کےلیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے تاجک وزیر اعظم کو تاجکستان کی آزادی کی 35ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور ایس سی او اجلاس کے انتظامات اور مہمان نوازی پر تشکر کا اظہار کیا۔