“ایس سی او کانفرنس کی کوریج کے لیے میڈیا فسیلیٹیشن سینٹر کا باقاعدہ افتتاح”

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے شنگھائی تعاون کانفرنس کی کوریج کرنے والے مقامی و غیر ملکی صحافیوں کیلئے میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔

افتتاح کے موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان، پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) مبشر حسن اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون اجلاس کے موقع پر مقامی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندے میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر سے مستفید ہوں گے۔

پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں قائم میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر میں کمپیوٹر لیب، ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، ڈیجیٹل پرنٹر، ڈیجیٹل سٹوڈیو، پوڈ کاسٹ سٹوڈیو، میڈیا لائبریری اور کانفرنس روم سمیت جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی طرف سے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں۔