پٹرولیم و گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں نے پاکستان میں 3 سال کے دوران 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پٹرولیم اور گیس کے شعبے کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، محسن نقوی، انجینئر امیر مقام، احسن اقبال، سردار اویس خان لغاری، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
دوران اجلاس ملکی و غیر ملکی پٹرولیم اور گیس کے تلاش و پیداواری شعبے نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں آئندہ تین سال میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا۔
وفد کے شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ پہلے وزیراعظم ہیں جو سنجیدگی سے اس شعبے پر توجہ دے رہے ہیں، پٹرولیم اور گیس کی پاکستان میں تلاش کیلئے 240 مقامات پر کھدائی کی جائے گی۔



