وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالا یلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبہ ہر صورت مارچ 2027ء تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
مریم نواز کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران گوجرانوالہ یلو لائن اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ دونوں ماس ٹرانزٹ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور کام میں تیزی لانے کے لیے 3 شفٹوں میں کام کروانے کے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی ٹائم لائن کسی صورت آگے نہیں جانی چاہیے، شہری پہلے ہی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
گوجرانوالہ یلو لائن منصوبہ
بریفنگ کے مطابق 31.5 کلومیٹر طویل گوجرانوالہ یلو لائن پر 25 اسٹیشن بنائے جائیں گے جن میں 2 اسٹیشن زیرِ زمین ہوں گے۔
مریم نواز کا جناح ٹرمینل تا ہربنس پورہ یلو لائن پراجیکٹ پر جلد کام شروع کرنے کا حکم
منصوبے میں 12 انڈر پاسز، 35 کلو میٹر سروس لائن اور سگنل فری یوٹرنز بھی شامل ہیں۔
گوجرانوالہ یلو لائن پر تقریباً ایک تہائی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ 1,233 بجلی کے کھمبے اور 552 ٹرانسفارمرز منتقل کیے جا چکے ہیں۔
منصوبے کے لیے 15,000 فٹ سیوریج لائن، 12,000 فٹ پانی کی فراہمی کی لائن اور 11,000 فٹ گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔
گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے 62 کلو میٹر ڈرین کی تعمیر کا 40 فیصد کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے دوران تقریباً 5,000 درختوں کی دوبارہ شجرکاری بھی کی گئی ہے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں میں ہر درخت کی حفاظت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے، اس لیے ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے اور شہریوں کو مزید تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔



