وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، پاکستان کے دفاع کے علامتی اداروں پر خوفناک حملے ہوئے۔

وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ‏9 مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن نہیں، یہ ریاست پر سیاست قربان کرنے اور سیاست کے لئے ریاست پر حملہ کر دینے والی دو سوچوں کو الگ الگ کر دینے والا دِن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے، ان کے عظیم اہل خانہ، محب وطن عوام ہیں، دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار ہیں جن کے دِل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم اور تاریخ سانحہ نو مئی کے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی، ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے۔