قازقستان کا پاکستانی شہداء کے بچوں کیلئے سٹڈی سکالر شپ دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے جمہوریہ قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن نے ملاقات کی، قونصل جنرل قازقستان راؤ خالد خان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں قازقستان کے سفیر نے شہداء کے بچوں کے لئے قازقستان میں سٹڈی کے لئے سکالر شپ دینے کا اعلان کیا، قازقستان کے سفیر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو دورہ کی دعوت دی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے قازقستان کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔
قازق سفیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو پہلی خاتون چیف منسٹر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، قازقستان اور پنجاب کے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، زراعت، توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا، قازقستان کو پنجاب سے ٹیکسٹائل، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، اجناس، سٹرس فروٹس، سبزیاں برآمد کرنے پر تبادلہ خیال ہوا، توانائی، کان کنی اور صنعتی شعبوں میں قازقستان کی مہارت سے استفادہ کرنے پر گفتگو کی گئی۔