اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے آڈیولیک تحقیقات کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں آڈیولیک تحقیقات کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس بابر ستار نے کی،دوران سماعت جسٹس بابر ستار نے سوال کیا کہ کیا یہ اسپیشل کمیٹی ہے؟ وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ اسپیشل کمیٹی کے لیے بھی وہی رولز ہوں گے جو عام کمیٹی کے لیے ہوتے ہیں۔عدالت نے لطیف کھوسہ سے مکالمہ کیا کہ آپ کو متعلقہ وزارت کو پارٹی بنانا پڑیگا، اس پر لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ کوئی متعلقہ وزارت اس معاملے میں ہے ہی نہیں، پھر بھی ہم بنا دیں گے، ہم نے صرف یہ چیلنج کیا ہے کہ اسپیکر اور اسمبلی کوپرائیویٹ معاملہ دیکھنے کا اختیار نہیں،انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں جو معاملہ زیر التوا ہے ہم نے اس کو چیلنج نہیں کیا، آڈیو لیک 2 پرائیویٹ لوگوں کے درمیان مبینہ طور کی گئی بات چیت ہے، پارلیمنٹ کو 2 پرائیویٹ لوگوں کے معاملے کو دیکھنے کا اختیار نہیں۔بعدازاں عدالت نے خصوصی کمیٹی کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کے خلاف کارروائی سے روک دیا اور پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے نجم ثاقب کی طلبی کا نوٹس بھی معطل کردیا۔جسٹس بابر ستار نے درخواست پر رجسٹرارکے اعتراضات بھی دور کر دیے، علاوہ ازیں عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت کو 19 جون کے لیے نوٹس جاری کر دیئے۔عدالت نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کیا ہے کہ یہ آڈیوز ریکارڈ کون کرتا ہے؟ خصوصی کمیٹی نے کس اختیار کے تحت نوٹس کیا؟ علاوہ ازیں عدالت کی جانب سے پیرا وائز کمنٹس بھی طلب کرلیے گئے۔
Load/Hide Comments



