چکوال (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے امریکی دورے میں کونسا معرکہ مارنا ہے،ملک میں اتنا بڑا عذاب آیا ہوا ہے تو اقوام متحدہ میں جانے کی کیا ضرورت تھی؟ شہباز شریف کی بے حسی ایسی ہے کہ وہ ملک سے باہر کے دورے کر رہے ہیں، اگر باہر چلے ہی گئے تھے تو ملک کی عزت میں اضافہ ہی کر دیتے، جب یہ روسی صدر سے ملا تو اس کی کانپیں ٹانگ رہی تھیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے چکوال میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ چکوال والوں کے جنون کوسلام پیش کرتا ہوں، جلسے میں خواتین کی بڑی تعداد موجود ہے،جب چکوال کو کال دوں گا تو نوجوان، بزرگ، خواتین نے حقیقی آزادی کے لیے سب نے نکلنا ہے،گزشتہ رات تیسری ٹیلی تھون کی، تین ٹیلی تھون کے دوران 14 ارب میری قوم نے مجھے دیا، دنیا میں پاکستانیوں سے زیادہ کھلے دل کے لوگ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ، بلوچستان میں متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہے،سندھ میں لوگوں کی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، کھڑے پانی کی وجہ سے کسان گندم کی فصل بھی نہیں اْگا سکیں گے۔ چودہ سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، دریائے سندھ کے ساتھ رائٹ بینک کینال کو تاحال سندھ حکومت مکمل نہیں کر سکی، سندھ کے ڈاکوؤں نے رائٹ بینک کینال کا پیسہ چوری کر کے دبئی بھیجا، سندھ کے غریب کسانوں کا برا حال ہے، شہباز شریف کی بے حسی دیکھیں ملک میں سیلاب اور بیرون ملک دورے کر رہا ہے۔پی ٹی ا?ئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے امریکی دورے میں کونسا معرکہ مارنا ہے، ملک میں سیلاب اور شہبازشریف باہر چلا گیا، بلاول بھٹو، دیسی ولایتی وہ بھی منہ اٹھا کر باہرچلا گیا، اگر باہر جانا تھا تو پاکستان کی عزت میں اضافہ ہی کر دیتے، شہبازشریف کی سمرقند میں روس کے صدرکے ساتھ ملاقات ہوئی، امپورٹڈ وزیراعظم کوسازش کے تحت لایا گیا۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ 100شیروں کی فوج کا سردار گیدڑ ہو وہ ہار جائے گی، امپورٹڈ وزیراعظم بیرون ملک مانگنے کے بجائے اپنا پیسہ ملک میں لائیں، 30 سال سے لوٹا ہوا پیسہ زرداری، نوازشریف، شہباز شریف آدھا بھی واپس لے آئیں تو مانگنے کی ضرورت نہ پڑے، بھٹو ایک خود دار لیڈر تھا اس وقت بھٹو کو سازش کر کے پھانسی پر چڑھایا گیا، بھٹو بھی آزادی کی بات کرتا تھا، امپورٹڈ حکومت کو بیرونی سازش اور ہینڈلرز لیکر آئے۔ شہبازشریف کی ساری ترقی اشتہارات کے اندر ہوتی تھی، شہبازشریف نے پنجاب سپیڈ کے ڈرامے کر کے اربوں خرچ کیے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو کہتا ہے پیسہ چوری نہیں کریں گے ٹھیک خرچ کریں گے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ رپورٹ کے مطابق غریب ممالک کے سربراہ پیسہ چوری کر کے لندن میں بڑے بڑے محلات خریدتے ہیں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو شہبازشریف بارے سب کچھ پتا ہے، سیکرٹری جنرل کو پتا ہے 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، کبھی کوئی چوروں کوبھی پیسہ دیتا ہے، شہبازشریف اور اس کے بیٹے کو سزا ہونے والی تھی، مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے بھیجے گئے، وزیراعظم کے کیس میں سارے گواہان ہارٹ اٹیک سے مر گئے، آج دنیا کیوں پیسے نہیں دے رہی انہیں پتا ہے، سازش کے تحت ڈاکوؤں کو اقتدارمیں بٹھادیا ہے، 8گھنٹے کے دوران قوم نے مجھے 14 ارب دیئے، قوم کو پتا ہے میرا جینا مرنا اور سب کچھ پاکستان میں ہے۔
Load/Hide Comments



