ترک تحقیقی جہاز اوروچ رئیس کراچی پہنچ گیا، پاکستان اور ترکیہ میں توانائی و معدنیات کے معاہدے

ترکیہ کا سیسمک ریسرچ جہاز اوروچ رئیس کراچی پہنچ گیا جہاں جمعہ کو کراچی پورٹ پر منعقدہ تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بیرقدار شریک ہوئے۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق ترک وزیر نے بتایا کہ جہاز انڈس آف شور بیسن کے 670 مربع کلومیٹر رقبے پر تھری ڈی اور مکران بلاکس میں 2,353 کلومیٹر پر ٹو ڈی سیسمک ڈیٹا جمع کرے گا۔ اسحاق ڈار کے مطابق سروے میں پانچ سے چھ ماہ لگیں گے، جبکہ ڈرلنگ کی صورت میں مجموعی سرمایہ کاری 75 کروڑ سے ایک ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

اسحاق ڈار نے پاکستان کے قدرتی وسائل کی مالیت محتاط اندازے کے مطابق 8 سے 10 ٹریلین ڈالر بتائی۔ معاہدوں میں بلوچستان کے ضلع پشین میں اینٹیمنی کے ذخائر کی ترقی اور چاغی میں تانبے اور سونے سمیت معدنیات کی تلاش کے لیے ماری منرلز اور ترک کمپنی ایم ٹی اے آئی سی کا مشترکہ منصوبہ بھی شامل ہے۔