اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، کے ایس ای 100 انڈیکس کاروبار کے دوران ایک ہزار پوائنٹس سے زائد بڑھ گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو کاروبار کے دوران تیزی دیکھی گئی۔ بزنس ریکارڈر کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 20 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,067.52 پوائنٹس یعنی 0.60 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 77 ہزار 839.70 پر تھا۔

ابتدائی کمی کے بعد سیشن کے دوسرے حصے میں خریداری لوٹ آئی۔ آٹو، سیمنٹ، تیل و گیس کی تلاش، آئل مارکیٹنگ اور بجلی کے شعبوں میں خریداری ہوئی، جبکہ حبکو، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، میزان بینک اور این بی پی کے حصص مثبت رہے۔

گزشتہ کاروباری روز انڈیکس 477.86 پوائنٹس اضافے سے 1 لاکھ 76 ہزار 772.19 پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب ایشیائی منڈیوں میں مندی رہی اور جاپان کا نکی انڈیکس 4.1 فیصد گر گیا۔