
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بنکاک میں اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل (ایسکیپ) کی وزارتی ٹرانسپورٹ کانفرنس سے ورچوئل خطاب میں کہا کہ غیر یقینی عالمی حالات میں مستحکم تجارت کے لیے مضبوط علاقائی رابطے ضروری ہیں۔
انہوں نے کسی ایک راہداری یا ملک پر انحصار کے بجائے متبادل تجارتی راستوں پر زور دیا اور کہا کہ کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر وسطی ایشیا کی خشکی میں گھری ریاستوں کے لیے مختصر ترین سمندری رسائی فراہم کرتے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق قازقستان-ترکمانستان-افغانستان-پاکستان ریلوے پر تعاون جاری ہے اور ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریل منصوبے کی فزیبلٹی پر کام آگے بڑھ رہا ہے۔ وزیر نے کہا کہ قراقرم ہائی وے کو سال بھر کھلا رکھنے سے چین اور وسطی ایشیا سے تجارت بڑھی ہے، جبکہ سی پیک کے تحت تھاکوٹ-رائے کوٹ سیکشن پر کام جاری ہے۔



