لکی مروت میں پولیس سے جھڑپ، 4 دہشت گرد ہلاک، 4 اہلکار زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ڈان کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ لکی بیگو خیل روڈ پر میلہ شہاب خیل کے قریب جنگل میں ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق کارروائی گاڑی میں سفر کرنے والے پولیس اہلکاروں پر حملے کے بعد شروع کی گئی۔ ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ کی قیادت میں کیو آر ایف کمانڈوز اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور تقریباً دو گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق زخمی اہلکاروں کو سٹی اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں بنوں ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے موقع سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔