
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی اور پولیس نے دیہی علاقے ڈی 14 میں ایک گھر پر مشترکہ چھاپہ مار کر تقریباً 800 کلوگرام گوشت برآمد کر لیا جو حکام کے مطابق گدھوں سمیت مختلف جانوروں کا ہے۔ گوشت کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
کارروائی کے دوران 12 زندہ گدھے، پانچ کتے، کچھوے، ایک گیدڑ، ایک پینگولن، 10 دنبے اور جنگلی جانور پکڑنے کے 10 پھندے بھی ملے۔ چھاپے کے وقت گھر میں کوئی موجود نہیں تھا اور کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
حکام کے مطابق گوشت یا جانوروں کی نقل و حمل کا کوئی ریکارڈ یا اجازت نامہ نہیں ملا۔ فوڈ سیفٹی ایکٹ 2021 اور وائلڈ لائف قانون کے تحت دو مقدمات درج کر کے گھر کو سیل کر دیا گیا، جبکہ زندہ جانور محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیے گئے۔



