اسحاق ڈار اور آسیان سیکریٹری جنرل کا غیر روایتی سیکیورٹی چیلنجز پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آسیان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ، توانائی کی فراہمی میں رکاوٹوں اور سائبر خطرات جیسے غیر روایتی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ملاقات جمعرات کو اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں ہوئی۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل روابط، تحقیق، مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتوں اور عوامی روابط پر بھی بات ہوئی۔ اسحاق ڈار نے کشمیر، سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور افغان سرزمین سے دہشت گردی کے معاملات بھی اٹھائے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ آسیان سیکریٹریٹ کا پاکستان کا پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہے۔ کاؤ کم ہورن 18 سے 20 نومبر تک پاکستان میں ہیں اور انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔ پاکستان 1993 سے آسیان کا سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر ہے۔