
وفاقی آئینی عدالت نے سندھ ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کے وہ فیصلے کالعدم قرار دے دیے جن میں دونوں صوبوں کے انفراسٹرکچر سیس کو درست قرار دیا گیا تھا۔ چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے قرار دیا کہ یہ قانون سازی صوبوں کی قانون سازی کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔
سندھ کا 2017 کا قانون بیرون ملک سے فضائی یا سمندری راستے سے صوبے میں آنے اور جانے والے سامان پر سیس عائد کرتا تھا، جبکہ خیبر پختونخوا کا 2022 کا قانون صوبے میں سامان کی نقل و حمل پر لاگو تھا جس کی شرح 2024 میں ایک سے بڑھا کر دو فیصد کی گئی تھی۔ نجی درخواست گزاروں نے مجموعی طور پر 568 درخواستیں دائر کی تھیں۔
وفاق اور ایف بی آر کا مؤقف تھا کہ یہ محصولات وفاقی دائرہ کار میں آتے ہیں، جبکہ صوبائی حکومتوں نے دلیل دی کہ یہ رقم سڑکوں اور انفراسٹرکچر پر خرچ ہوتی ہے اور یہ کسٹمز یا ایکسپورٹ ڈیوٹی نہیں۔



