
نجکاری کمیشن نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ارنسٹ اینڈ ینگ (ای وائی) مڈل ایسٹ کی سربراہی میں کنسورشیم کے ساتھ مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔ تقریب جمعرات کو اسلام آباد میں ہوئی۔
معاہدے کے تحت مشیر تکنیکی، مالیاتی، قانونی، ماحولیاتی اور تجارتی امور پر رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ دونوں ایئرپورٹس کے انتظام اور تجارتی ترقی کو کنسیشن یا مینجمنٹ کنٹریکٹ کے ذریعے نجی شعبے کے حوالے کیا جا سکے۔ ہر ایئرپورٹ پر 50 کروڑ ڈالر سے زائد نئی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
تقریب میں وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی بھی موجود تھے۔ کمیشن نے اس پیش رفت کو نجکاری پروگرام کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ حکومت نے دسمبر 2022 میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔



