غزہ میں اسرائیلی حملے، باپ اور 13 سالہ بیٹے سمیت 7 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں منگل کے روز کم از کم 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔

مقامی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق شہداء میں ایک باپ اور اس کا 13 سالہ بیٹا بھی شامل ہیں جو غزہ شہر کے علاقے زیتون میں بے گھر افراد کی پناہ گاہ کی چھت پر ہونے والے فضائی حملے کا نشانہ بنے۔

حکام کا کہنا ہے کہ غزہ شہر کے علاقے الدرج میں ایک اسکول کے قریب حملے میں ایک شخص جبکہ شہر پر بعد ازاں ہونے والے حملوں میں مزید 3 افراد شہید ہوئے، خان یونس میں بھی ایک شخص فائرنگ سے جان کی بازی ہار گیا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے زیتون اور الدرج میں عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا، تاہم دیگر واقعات پر اس نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔