لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش،سردی کی شدت میں اضافہ

لاہور (آن لائن) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برس پڑے، لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، مال روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی اور باغبانپورہ میں بارش ہوئی، مغل پورہ، گوالمنڈی، ریلوے سٹیشن اور لاری اڈا کے اطراف بھی رم جھم ہوئی، چوبرجی، انارکلی،مزنگ، چونگی امرسدھو، گجومتہ اور کاہنہ سمیت مختلف علاقوں میں بونداباندی کے باعث دھند میں نمایاں کمی آگئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے جو 4فروری تک برقرار رہے گا، صوبائی دارالحکومت لاہور میں 4فروری تک وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 12جبکہ زیادہ سے زیادہ 14ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔