لاہور (آن لائن) سینئر قانون دان بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سزائیں ہائی کورٹ سے معطل ہو جانی ہیں۔ سزائیں دیتے وقت ملزم کو دفاع کا حق نہیں دیا گیا۔ 70 سال سے یہی ڈرامہ دیکھ رہے ہیں اس کو اب بند ہونا چاہیے۔ لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ سزائیں دیتے وقت ملزم کو دفاع کا حق نہیں دیا گیا، پراسیکیوشن کے وکلاء کو ملزم کا وکیل مقرر کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کا 342 کا بیان لیے بغیر سزا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سائفر کیس میں بھی ملزم کے گواہوں کو نہیں بلوایا گیا، سائفر میں بانی پی ٹی آئی کے 342 کے بیان پر ان کے دستخطہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سزا پر جگ ہنسائی ہو گی، ملزمان کو بغیر موقع دیے سزا دی جاتی ہے، انہوں نے کہا سزا کے ملکی معیشت پر برے اثرات پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ فروری سے پہلے اپیلوں کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے بھی توشہ خانہ سے گاڑیاں لیں اور فروخت کیں، ان پر ایسا کوئی کیس نہیں بنایا گیا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم 70 سال سے یہی ڈرامہ دیکھ رہے ہیں اس کو اب بند ہونا چاہیے، آج ایک پارٹی کے ساتھ یہ ہو رہا ہے کل کسی اور سیاسی جماعت سے ہو گا۔
Load/Hide Comments



