توشہ خانہ کیس میں عمر ان خان کو دی گئیں سزائیں قانون کے مطابق ہیں،احسن اقبال

لاہور(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما احسن اقبال نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کو سنائی گئی سزاوں پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان اور بشری بی بی کو دی گئیں سزائیں قانون کے مطابق ہیں،اگر سزائیں قانون کے مطابق نہ ہوئیں تو ہائر فورم پر انہیں ریلیف مل جائے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ فیئر ٹرائل کی درخواست بانی پی ٹی آئی کا فرمائشی پروگرام ہے۔342کا بیان ریکارڈ نہ کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طریقہ رہا ہے تاکہ وہ اس طرح قانونی عمل کو تاخیر کاشکار بنا سکیں۔ ہم نے ہمیشہ سزاوں کیخلاف بھی قانونی طریقہ کار اپنایا، ہم نے عدالتوں میں ہی اپنا دفاع کیا۔نواز شریف نے عدالتوں میں 200 کے قریب پیشیاں دی ہیں، ہم نے کبھی عدالتوں میں جاکر ہنگامہ نہیں کیا۔ہم عدالتوں کے احترام میں ہمیشہ پیش ہوتے رہے ہیں اور ہر سختیاں برداشت کیں ہے۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس میں 14،14 سال قید با مشقت کی سزا سنادی۔جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 10 سال کیلئے نااہل بھی کر دیا۔احتساب عدالت اسلام آباد نے دونوں ملزمان پر 78 کروڑ 70 روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی، عمران خان کو عدالت میں پیش کیاگیا جب کہ بشری بی بی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔