ایرانی وزیر خارجہ کی نگراں وزیراعظم سے ملاقات،پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعلقات پر زور دیاگیا

اسلام آباد(آن لائن) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ملاقات کی ہے۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعلقات پر زور د یا۔نگران وزیر اعظم نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔نگران وزیراعظم نے مشترکہ چیلنجوں سے باہمی تعاون اور تعاون پر مبنی طریقوں سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا اسکی جڑیں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں بالخصوص پاکستان اور ایران دونوں کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے احترام میں ہیں۔وزیراعظم نے صدر ابراہیم رئیسی کے لیے اپنے گرمجوشی کے جذبات کا اظہار کیا اور صدر رئیسی کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔