نواز شریف سی پیک کے بانی نہیں سی پیک کے چور ہیں، بلاول بھٹو زرداری

ملتان (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف سی پیک کے بانی نہیں سی پیک کے چور ہیں، بٹن دبانے سے کوئی ایٹمی پروگرام کا بانی نہیں بن جاتا، ایٹمی پروگرام قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے شروع کیا تھا، آج ملک شدید بحرانوں کا شکار ہے،دہشتگردی سر اٹھا رہی ہے مگر پیپلز پارٹی آٹھ فروری کو منتخب ہوکر عوام کی طاقت سے ان تمام مسائل پر قابو پالے گی اور خوشحال پاکستان بنائے گی جہاں عوام بھی خوشحال ہونگے،عوام سے کہتا ہوں آؤ مل کر شیر کا شکار کرتے ہیں اس کو چوتھی بار وزیراعظم نہیں بننے دینگے،محترمہ شہید کے بیٹے کا وعدہ ہے منتخب ہوکر اپنے دس نکاتی منشور پر عمل کرونگا۔ ملتان میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج اتنی سخت سرد ی میں ملتان کے عوام کی یہاں موجودگی ثابت کرتی ہے کہ ملتان کی عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں آپ نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا انشاء اللہ آٹھ فروری کو اچھے وقت کا آغاز ہوگا مشکل وقت ختم ہوگا آج کل پاکستان بہت مشکل میں ہے خطرناک صورتحال ہمارے سامنے ہے ایک طرف ہمارا تاریخی معاشی بحران ہے جہاں غربت مہنگائی اور بے روزگاری تاریخی سطح پرپہنچ چکی ہے دوسری طرف وہ دہشتگرد جنہیں پاکستان کی فوج اور عوام نے قربانیاں دے کر ان کو شکست دی تھی وہ ایک بار پھر اپنا سر اٹھا رہے ہیں اور دوسری طرف جمہوری بحران ہمارے پورے معاشرے میں بحران پھیلا ہوا ہے یہ پرانے پرانے سیاستدان جو پرانی سیاست کررہے ہیں جنہوں نے سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کردیا ہے انہوں نے پورے معاشرے میں تقسیم کردیا ہے بحران پیدا کردیا ہے ایک پاکستانی کو دوسرے پاکستانی سے لڑوا رہے ہیں بھائی کو بھائی سے لڑوا رہے ہیں میں پاکستانی عوام سے اپیل کرتا ہوں ملتان والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آئے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں تاکہ ہم ہمیشہ کیلئے ان نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کردینگے ہم انشاء اللہ ہم پورے پاکستان کو ایک ہوکر انمسائل کا خاتمہ کرینگے ہم مل کر اس معاشی بحران کا مقابلہ کرینگے مہنگائی غربت اوربے روزگاری کامقابلہ کرینگے ہم مل کر ان دہشتگردوں کا مقابلہ کرینگے ہم مل کر ہمارے جمہوری بحران کا مقابلہ کرکے ایک طاقت ور پاکستان بنائینگے ایک خوشحال ترقی یافتہ پاکستان بنائینگے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھیوں میں وہ واحد سیاستدان ہوں جو مہینوں سے پورا ملک کا دورہ کررہا ہوں پختونخوا، سندھ میں دورے کرچکا ہوں بلوچستان میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرکے آیا ہوں پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کی طرف دیکھ رہی ہے طاقت کا سرچشمہ عوام کو سمجھتی ہے ہم یہ الیکشن آپ کی طاقت سے جیت کر حکومت بنائینگے جو باقی سیاستدان ہیں ان کو احساس ہی نہیں ہے کہ پاکستان کے عوام کس مشکل سے گزر رہے ہیں ان کو فکر ہے کہ تو صرف اس چیز کی کہ کس طرح اسی کرسی پر چوتھی باربیٹھ جائیں میں یہ الیکشن تشدد کے زور پر نہیں لڑ رہا میں یہ الیکشن نفرت اور تقسیم کو پھیلا کر نہیں لڑ رہا میں خود اپنے ہاتھوں سے یہ عوامی معاشی معاہدہ تیار کیا ہے یہ دس نکاتی ایجنڈا ہے میں پاکستان کے عوام کے مسائل سامنے رکھ کر یہ منشور تیار کیا ہے ایک بے روزگاری، مہنگائی اور غربت اگر ہم نے ان مسائل کا سامنا کیا ہے تو دس نکاتی منشور پر عمل کرنا ہوگا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم قائد ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ کے مطابق حکومت بنا کر اشرافیہ سے امیروں سے وسائل لے کر ہم اپنے غریب عوام پر خرچ کرینگے میں نے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ جو سترہ وزارتیں وفاق میں ہیں ان کو اٹھارہویں ترمیم کے مطابق ختم کرنا چاہیے تھا مگر کسی نے اس کو ختم نہیں کیا میاں صاحب نے بھی توجہ نہیں دی اور سالانہ ساڑھے تین سو ارب ان پر خرچ کیا جاتا تھا میں یہ وعدہ کرتا ہوں منتخب ہوکر یہ وزارتیں ختم کرکے ساری رقم عوام پرملتان پر خرچ کرونگا.