راولپنڈی(آن لائن)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے ملاقات کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونیوالی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین تمام موسمی تزویراتی شراکت دار ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا اور سی پیک منصوبوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر چین کے اطمینان سے بھی آگاہ کیا۔ آرمی چیف نے گرمجوشی پر مبنی کلمات پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کی عوام کے لیے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کی مشترکہ فہم پر قائم ہیں۔
Load/Hide Comments



