مریدکے(آن لائن) مسلم لیگ ن کے سینئر مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری میاں شہباز شریف پر تنقید کرنے سے قبل اپنی پچھلی تقاریر سن لیں تا کہ انہیں یو ٹرن نہ لینا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل میاں شہبا زشریف کو پاکستان کا سب سے بہتر وزیر اعظم قرار دینے والے اب کس منہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں؟ مریدکے میں تنظیم الاخوان ضلع شیخوپورہ، آزادامیدوار انور رشید گجر اور سابق ناظم آصف گجر کی طرف سے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمائت کے اعلان کی تقریبات سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ جس طرح پی ٹی آئی کا بلا ختم ہوا ہے اسی طرح فاشست جماعت پی ٹی آئی ختم ہو کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کل بھی یہی کہا تھا کہ عمران خان یہودی ایجنڈا ہے اور آج بھی اسی بات پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے دوران اگر عمران خان کامیاب ہو جا تا ہے تو آج شائد پاکستان دنیا کے نقشے پر نہ ہوتا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ9مئی پاکستان پر حملے کا دن ہے اس روز دہشت گرد جماعت نے نہ صرف فوجی املاک پر حملے کئے بلکہ کرنل شیر خان جیسے ایسے شہداء کے مجسمے توڑے جن کو اعلی اعزازات دینے کی سفارش بھارتی آرمی چیف نے کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف موجودہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے چوتھی مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہو کر پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکالیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ واضع اکثریت کے باوجود اگر ملکی یکجہتی کی خاطر دیگر سیاسی جماعتوں کو حکومت میں شامل کرنا پڑا تو ہم ایسی قربانی بھی دیں گے.
Load/Hide Comments



