الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت سے ملک میں خانہ جنگی ہو سکتی ہے،احسن اقبال

نارووال(آن لائن) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت سے ملک میں خانہ جنگی ہو سکتی ہے۔ احسن اقبال نے ظفروال پی پی 54 کے لیے ن لیگ کی انتخابی مہم کے دوران کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں چند ججز اور جرنیلوں نے عمران خان کو مسلط کیا۔2018 میں اس شخص کوحکومت ملی جسے یوسی چلانے کا بھی تجربہ نہیں تھا۔سازش کے تحت عمران خان کو صادق اور امین اور نوازشریف کو نااہل قرار دیا گیا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ اس حلقے کا ایم این سے ووٹ لے کر کبھی واپس نہ لوٹا نہ ترقیاتی کام کروائے۔قبل ازیں احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ نارووال میں شرافت کی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نارووال میں میرا کوئی بسوں کا اڈا نہیں، پہلے سیاستدان تھانے، کچہری کی سیاست کر رہے ہیں، یہاں کے سیاستدان ستر سال کی اپنی کارکردگی کا ثبوت دیں۔احسن اقبال نے کہا کہ یہ سیاست دان صرف اپنے اڈوں کی سیاست کو محفوظ کر رہے ہیں، دانیال عزیز کی جگہ جس امیدوار کو این اے 75 کا ٹکٹ دیا گیا ہے وہ شریف لوگ ہیں، ٹکٹ ہولڈر انوارالحق چودھری این اے 75 کی عوام کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ این اے 76 اور پی پی 54 سے الیکشن لڑ رہا ہوں، کون سا حلقہ بعد میں چھوڑنا ہے فیصلہ قیادت کرے گی، دانیال عزیز آزاد حیثیت سے الیکشن جیت جاتے ہیں تو کیا مسلم لیگ ن ان کو شامل کرے گی/ صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ بے معنی سوال ہے۔