فضائی آلودگی میں لاہور تیسرے نمبر پر،بارش کا امکان نہیں:محکمہ موسمیات

لاہور (آن لائن) پنجاب سمیت ملک کی میدانی علاقوں میں شدید دھند برقرار ہے، حد نگاہ کم ہونے کے وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا، لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق شدید دھند اور سردی کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے، شدید دھند کی وجہ سے پشاور اسلام آباد موٹروے کو صوابی سے رشکئی اور پشاور ٹول پلازہ، ایم 2 کو بلکسر سے کوٹ مومن، ٹھوکر نیاز بیگ سے پنڈی بھٹیاں، ایم 3 کو فیض پور انٹرچینج سے درخانہ انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ایم 4کو شور کوٹ انٹرچینج سے عبدالحکیم انٹرچینج اور پنڈی بھٹیاں انٹرچینج سے شیر شاہ انٹرچینج، ایم 5کو اوچ شریف انٹرچینج سے رحیم یار خان انٹرچینج اور روہڑی ٹول پلازہ سے گڈو انٹرچینج، ایم 11کو کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال ٹول پلازہ اور ایم 14 کو کوٹ بیلیاں کھڑپہ تک بند کر دیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10سے شام 6بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کے لئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔دوسری جانب ملک کے بیشتر شہروں میں دھند کا تسلسل برقرار ہے، مزید 25پروازیں منسوخ کردی گئی جبکہ 5متبادل ایئرپورٹس پر منتقل کی گئیں۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 11دن میں پاکستان کے ایئرپورٹس کی 355پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔جدہ ملتان کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 840کو لاہور اتارا گیا، پی آئی اے کی شارجہ، دبئی، جدہ اور ابوظبی پشاور کی 4پروازوں کی اسلام آباد میں لینڈنگ ہوئی۔ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ شارجہ، دبئی، ابوظبی، جدہ سے پشاور کی 7 پروازیں منسوخ کی گئیں، اسلام اباد سے گلگت اور کراچی کی 4 پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔اس کے علاوہ کراچی سے سکھر، پشاور، لاہور، شارجہ اور جدہ کی 11 پروازیں بھی منسوخ کی گئی، نجی ایئر کی ملتان سے دبئی اور جدہ کے مابین 3 پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔ دنیا میں فضائی آلودگی کی فہرست میں لاہور تیسرے نمبر پر رہا۔ائیرکوالٹی انڈکس کی مجموعی شرح 165ریکارڈ ہوا۔فیز8-ڈی ایچ اے 239،کینٹ پولو گراؤنڈ176،یو ایس قونصلیٹ 187، شاہراہ قائداعظم 190، جوہر ٹاؤن 209، فدا حسین ہاؤس 167ائیر کوالٹی انڈکس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی نہیں ہے۔