اسلام آباد (آن لائن) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عالمی وباء کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کی روک تھام کیلئے بیرون ملک سے آنے والے 2 فیصد مسافروں کے کورونا ٹیسٹ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان میں اب تک کوویڈ کے نئے ویرینٹ جے این ون کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ این سی اوسی حکام کے مطابق کورونا ٹیسٹنگ کا فیصلہ دنیا بھر میں پھیلنے والے جے این ون ویرینٹ کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے، جس کے تحت ائیر پورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے 2 فیصد مسافروں کی لازمی کورونا ٹیسٹنگ ہوگی، کوویڈ ٹیسٹنگ کے لیے ریپڈ ڈائیگنوسٹک کٹس قومی ادارہ برائے صحت فراہم کرے گا۔بتایا گیا ہے کہ قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے کوروناوائرس کے نئے ویریئنٹ جے این ون سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے، ایڈوائزری کا مقصد متعلقہ حکام اور اسٹیک ہولڈرز کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ا?گاہ کرنا ہے، نئے کوویڈ ویریئنٹ کے نتیجے میں ملکی ہسپتالوں کی او پی ڈیز اور وارڈز پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا کہ جے این ون ویریئنٹ دنیا میں نہایت تیزی سے دوسرے کوویڈ ویریئنٹس کی جگہ لے رہا ہے، فی الحال پاکستان میں نئے ویریئنٹ جے این ون کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، کورونا سے بچاؤ کی تدابیر میں صابن سے ہاتھ دھونا اور سینیٹائزر کا استعمال شامل ہے، کورونا اور دیگر ریسپائریٹری وائرس سے بچنے کیلئے پرہجوم جگہوں پر جانے سے گریز کریں، ویکسین ابھی بھی کورونا سے بچاؤ کا سب سے بہترین طریقہ کار ہے۔ترجمان وفاقی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کچھ ممالک میں کورونا کی نئی قسم جے این ون اومیکرون رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد سے وزارت صحت مسلسل صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہی ہے، پاکستان میں ابھی تک جے این ون کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنارہے ہیں، صحت کے صوبائی اور علاقائی اداروں کو ٹیسٹنگ بڑھانے کا مشورہ دیا گیا ہے، شہریوں سے اپیل ہے سردیوں میں کورونا یا فلو جیسی بیماریوں کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے ماسک کا استعمال کریں۔
Load/Hide Comments



