تھانیدار،پٹواری کے ذریعے دھونس جمانے کی سیاست ختم، عوامی خدمت کی سیاست کی ابتداء کر دی،ہمایوں اختر خان

جڑانوالہ (آن لائن)استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 97سے امیدوار ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ تھانیدار اور پٹواری کے ذریعے دھونس جمانے کی پرانی سیاست ختم ہو چکی ہے، ہم نے عوام کی خدمت کی سیاست کی ابتداء کر دی ہے جس کے ذریعے سارے علاقے کی تقدیر بدلیں گے،حلقے کی 76سالہ محرومیوں کا ازالہ کریں گے،انڈسٹریل زون کے ذریعے روزگار پیدا کرنے کا منصوبہ شروع کریں گے، کسانوں کو مہنگی بجلی سے چھٹکارا دلائیں گے جس کیلئے ان کے ٹیوب ویلوں کو سولر پر منتقل کیاجائے گا، کہیں نہیں جارہا علاقے کی خدمت اور ترقی کے لئے یہاں پر ہی موجود رہوں گا،ہر گھر تک مفت علاج اور معیاری تعلیم پہنچائیں گے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پی پی 102سے امیدوار سردار سکندر حیات جتوئی اور دیگر کے ہمراہ چک نمبر 434گ ب امرایا،چک نمرب435لاشاریاں اور دیگر مقامات پر انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان اور سردار سکندر حیات جتوئی کی آمد پر علاقے کے لوگوں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔اس موقع پر مختلف علاقوں کے عمائدین نے بھرپور حمایت کا بھی اعلان کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ میں شرافت کی سیاست کرتا ہوں لیکن یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں ہماری شرافت سے کوئی غلط فہمی میں مبتلا نہ ہو جائے، میرا خاندان امرتسر جالندھر سے ہجرت کر کے فیصل آباد میں آباد ہوا، میں اپنی زندگی اس علاقے کی بد حالی کو خوشحالی میں بدلنے کے لئے وقف کرنے کا اعلان کر چکا ہوں،میں نے جس طرح لاہور کے پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنایا ہے یہاں بھی ایسا ہی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین تاندلیانوالہ کی پگ کا شور مچا رہے ہیں، عوام آپ سے سوال کرتے ہیں آپ نے 76سالوں میں اس علاقے اور عوام کو دیا کیا ہے،اب عوام نئے لوگوں کو موقع دینے کا اٹل فیصلہ کرچکے ہیں،اب اس علاقے کی سیاست بدلے گی، عوام دیکھیں گے اس علاقے میں ہر گاؤں میں سڑک بنے گیصحت کی سہولیات ہوں گے،سرکاری ڈسپنسریاں،بچے بچیوں کے سکولز، کالجز بنیں گے، یہاں کے باسیوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا، ہم نے علاقے کی ترقی کے لئے انقلابی منصوبوں کی منصوبہ بندی کی ہے، انڈسٹریل زون بنا کر نوکریاں دینا چاہتا ہوں، بینکاری کا نظام صرف سیٹھوں کے لئے نہیں، یہاں وئیر ہاؤسز بنیں گے تاکہ کسان اپنی فصل کی بہتر قیمت ملنے تک اپنی اجناس ان میں رکھیں اور اس کے عوض بینکوں سے بغیر سود قرضہ بھی حاصل کریں اور جب انہیں بہتر قیمت ملے تو اپنی فصل فروخت کر دیں، ہم نے علاقے میں کسانوں کے تمام ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر آج تک یہ سیاست ہوئی ہے کہ اپنا پٹواری اورتھانیدار لگوانا ہے جس کا مقصد عوام کی خدمت نہیں بلکہ دھونس جمانا اور عوام کے گرد شکنجہ کسنا ہے، اب علاقے میں تھانیدار اور پٹواری ہوگا لیکن وہ عوام کی خدمت کے لئے ہوگا، اسے عوام کے خلاف استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے، ہم یہاں پر نوجوانوں کیلئے آئی ٹی کے ادارے بنائیں گے، جو نوجوان اپنا کاروبار کرنا چاہتے ہیں انہیں آسان اقساط پر بغیر سود قرضے دینے کیلئے اقدامات کریں گے، یہاں کے پسے ہوئے طبقات کا ہاتھ تھامے گے انہیں قومی دھارے میں شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے لوگوں نے سردار سکندر حیات جتوئی کی صورت میں اچھا ساتھی دے دیاہے،ہماری نیتیں صاف ہیں، ہم عوام کی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں معلوم ہے یہاں ٹھیکیداری کی سیاست چلتی رہی ہے، اس لئے ہمار امنہ نہ کھلوایا جائے، اب آپ کو پتہ چلے گا مقابلہ کیا ہوتا، ہم عوام کی خدمت کی سیاست سے مخالفین کو جواب دیں گے۔انہوں نے کہاکہ علاقے کی تقدیر بدلنا ہمارا مشن ہے،یہ کاررواں بڑھتا جارہا ہے اور جب ماموں کانجن تک پہنچے گا تو کوئی اسے روک نہیں سکیگا.