مولانا فضل الرحمان کے بعد ان کے بیٹے کو جان کاخطرہ ہے،الرٹ جاری

اسلام آباد(آن لائن)مولانا فضل الرحمان کے بعد ان کے بیٹے کو جان کاخطرہ ہے،سابق وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کو ایڈوائزری نوٹس جاری کیاگیا ہے جس میں کہاگیا کہ دہشت گردوں کی طرف سے آپ کو دوران سفر یا رہائش گاہ پر ٹارگٹ کیا جاسکتا ہے۔غیر ضروری سفر اور اجتماعات سے گریز کریں۔اپنی حرکات وسکنات کو خفیہ رکھیں۔ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق لگتا ہے انتظامیہ کا کام صرف نوٹس جاری کرنا رہ گیا ہے۔صرف نوٹس جاری کرنے سے انتظامیہ کی ذمہ داری پوری نہیں ہوجاتی۔آئے روز نوٹس آرہے ہیں لیکن انتظامیہ،الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو کوئی پرواہ نہیں۔کیا ہم سمجھ لیں کہ دہشت گردی کی ان خبروں کے پیچھے کوئی بڑی سازش کارفرما ہے؟ امن کی بات کرتے ہیں تو چیف الیکشن کمیشن غیر سنجیدہ کمنٹس کرتے ہیں۔جے یو آئی کو انتخابی مہم کا ماحول نہ فراہم کرنے میں الیکشن کمیشن،عدلیہ اور انتظامیہ کا مکمل کردار ہے۔دہشت گردی کے خلاف بھرپور جدوجہد کی،دیوار سے نہ لگایا جائے۔ہماری قیادت یا کسی کارکن کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار انتظامیہ،الیکشن کمیشن اور عدلیہ ہوگی۔