دھند کا راج برقرار، فلائٹ آپریشن متاثر، ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ

لاہور (آن لائن) لاہور سمیت صوبے بھر میں دھند کا راج برقرار ہے، شدید دھند کے باعث ملکی و غیر ملکی 8 پروازیں منسوخ کردی گئیں،موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا جبکہ ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار رہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے جس کی وجہ سے دیگر معمولات زندگی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر اور تاحال معمول پر نہ آ سکا۔پنجاب بھر میں موسم کی خراب صورتحال کے باعث مختلف ایئرپورٹس کی 8ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ درجنوں متاثر رہیں۔ دھند کے باعث 4دن میں 100سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازیں آپریٹ نہ ہوسکیں۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دبئی سے گزشتہ رات سیالکوٹ پہنچنے والی امارات ایئر کی پرواز ای کے 618ایک بار پھر سیالکوٹ میں لینڈ نہ کرسکی اور دو روز پہلے کی طرح واپس دبئی پہنچ گئی جبکہ مسقط سے سیالکوٹ پہنچنے والی پرواز پی ایف 737 کو لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کروائی گئی۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 364 دھند کے باعث اسلام آباد اتاری گئی۔ایئرپورٹ شیڈول کے مطابق لاہور سے جدہ، ریاض اور استنبول، جبکہ سیالکوٹ سے دبئی کی تین مختلف پروازوں کی روانگی میں تاخیر رپورٹ ہوئی جبکہ دبئی، دوحہ اور مسقط سے سیالکوٹ آں ے والی پروازوں کی آمد میں بھی غیر معمولی تاخیر ہوئی۔اس کے علاوہ جن پروازوں کی آمد و روانگی تاخیر کا شکار ہوئی ان میں ملتان سے جدہ، القسیم، مدینہ اور شارجہ کی پروازیں جبکہ پشاور سے شارجہ جانے والی پرواز بھی شامل ہے۔ذڑائع کے مطابق اسلام آباد سے دمام، جدہ، ریاض اور دبئی کی پروازوں کی روانگی میں جبکہ کراچی سے دبئی، مدینہ، کولمبو اور جدہ کی پروازوں کی روانگی بھی خراب موسم کے باعث متاثر ہوئیں۔ایئرپورٹ شیڈول کے مطابق پی آئی اے کی جدہ سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 832، کراچی سے لاہور کی پروازیں پی کے 303، 306، ای آر 523، اسلام آباد سے جدہ کے لیے پی کے 742اور کراچی ای آر 503، پشاور سے کراچی کے لیے ای آر 551اور 554منسوخ کردی گئیں۔شدید دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3فیض پور سے درخانہ، موٹروے ایم 4عبد الحکیم سے فیصل آباد، موٹروے ایم 5شیر شاہ سے روہڑی اور موٹروے ایم 11لاہور سے سیالکوٹ تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔عمران احمد نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، قومی شاہرات پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10سے شام 6بجے تک بہترین سفری اوقات ہیں۔دوسری جانب ترجمان ریلویز کے مطابق دھند کے باعث کراچی سے لیٹ آکر قراقرم اور بزنس ایکسپریس لاہور سے تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ فیصل آباد سے کراچی کے لئے ملت ایکسپریس بھی تاخیر سے روانہ ہوئی،قراقرم 42-ڈاؤن لاہور سے کراچی کے لئے سہ پہر 3بجے کی بجائے 4بجکر 15منٹ پر لاہور سے روانہ،بزبس ایکسپریس 34-ڈاؤن لاہور سے کراچی کے لئے سہ پہر 4 بجے کی بجائے 4 بجکر 45 منٹ پر لاہور سے روانہ،لالہ موسیٰ سے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس 18-ڈاؤن سہ پہر 4بجے کی بجائے رات 7بجے فیصل آباد سے روانہ،کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو جانے والی باقی تمام ٹرینیں اپنے مقررہ اوقات کار کے مطابق رواں دواں رہیں۔ ڈی ایس ریلوے لاہور محمد حنیف گل کی ہدایت پر مسافروں کی سہولت کے پیش نظر پسنجر فسیلی ٹیشن عملہ ہمہ وقت سٹیشن پر موجود رہے گا۔مزید معلومات اور اپڈیٹ کیلئے ریلوے انکوائری نمبر 117-042 پر رابطہ کریں۔