میلبرن ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف 241 رنز کی برتری حاصل کرلی

میلبرن(آن لائن) باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام تک آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنالیے، کینگروز پاکستان پر 241 رنز کی برتری حاصل ہے۔پاکستان نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تاہم محض 68 رنز کے اضافے کے بعد گرین شرٹس آل آؤٹ ہوگئے، آسٹریلیا کو پاکستان پر 54 رنز کی برتری حاصل تھی۔وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 42، شاہین شاہ آفریدی 21، حسن علی اور میر حمزہ 2،2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ 33 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔کینگروز کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5، نتھین لائن نے 4 جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کی میلبرن ٹیسٹ میں دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ صفر صفر پر پویلین لوٹے جبکہ ڈیوڈ وارنر 6، مارنوس لبوشین 4 رنز بناسکے۔ مچل مارش اور اسٹیو اسمتھ نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 153 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم مارش 96 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ اسٹیو اسمتھ 50 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور میر حمزہ نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔