عالم اسلام سے برادرانہ تعلقات پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں،انوارالحق کاکڑ

اسلام آباد (آن لائن) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عالم اسلام سے برادرانہ تعلقات پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ مسلم ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی اعتماد اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم سے مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے مسلمان ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں بحرین، مصر، عراق، اردن، کویت، لبنان کے علاوہ لیبیا، مراکش، عمان، فلسطین، سعودی عرب، شام ،متحدہ عرب امارات اور یمن کے سفیر وں نے شر کت کی ۔ملاقات میں مسلم دنیا کو اسلامو فوبیا سمیت دیگر درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر نگران وزیر اعظم کا کہناتھا عالم اسلام سے برادرانہ تعلقات پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ مسلم ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی اعتماد اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے امت مسلمہ کو پیچیدہ مسائل سے نمٹنے کے لئے او آئی سی کے فورم کے مشترکہ اور موثر استعمال پر زور دیا۔سفیروں نے وزیراعظم سے اظہار تشکر اور دوطرفہ تعلقات میں اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔