ایف بی آر نے ٹیکس کولیکشن کے پیش نظر کسٹمز ونگ کی ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ کر دیں

لاہور (آن لائن) ایف بی آر نے ٹیکس کولیکشن کے پیش نظر کسٹمز ونگ کی ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ کر دیں،تمام فیلڈ فارمیشنز ہفتہ وار چھٹیوں کے باوجود 30 اور 31 دسمبر کو اپنی خدمات معمول کے مطابق سرانجام دیں گے،ایف بی آر نے ڈیوٹی ٹیکسز کی وصولی کے لئے ملک بھر کے چیف کلکٹرز کو مراسلہ جاری کر دیا۔ فیلڈ فارمیشنز کے ٹیکس اور ڈیوٹی کی کولیکشن کے پیش نظر اوقات کار میں بھی اضافہ کیا گیا، کسٹمز افسران و عملہ 30 اور 31 دسمبر کو رات 10 بجے تک آفسز میں اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ تمام چیف کلکٹرز کو دفاتر میں معمول کے مطابق حاضری یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ٹیکس کی وصولی کے پیش نظر تمام فیلڈ فارمیشنز کو متحرک رہنے کے لئے باقائدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔کسٹمز کے چیف کلکٹرز کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور نیشنل بینک آف پاکستان کی مجاز برانچوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ بینکوں کی برانچوں کے ذریعے جمع کیے گئے ڈیوٹی یا ٹیکسز فوری سٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔