اسلام آبا د(آن لائن)بلّے“ کے نشان کے حوالے سے پرویز خٹک کے بیان کا معاملہ، پاکستان تحریک انصاف نے ”بلّے“ کے نشان کے حوالے سے پرویز خٹک کے بیان کو تحریک انصاف سے ”بلّے“ کا نشان ہتھیانے کی سازش قرار دیدیا۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق تحریک انصاف سے“بلّے“ کا نشان ہتھیانے کی سازش کی جامع تحقیقات کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری عدالتی کمیشن کی تشکیل کی استدعا کی گی ہے۔ تحریک انصاف کو ”بلّے“ کے انتخابی نشان سے محروم کرنے کی سازش ایک عرصے سے رچائی جارہی ہیں، اس سازش میں مرکزی کردار چیف الیکشن کمشنر ہے جو اپنے مینڈیٹ سے انحراف اور دستور پامال کرنے کی کی پوری تاریخ رکھتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے اسی سازش کے تحت تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخاب کی آڑ میں ”بلّے“ کے نشان کی عدم فراہمی کا فیصلہ سنایا۔ پرویز خٹک کے بیان کی روشنی میں دستور سے بدترین انحراف کی راہ پر گامزن چیف الیکشن کمشنر سے جواب طلبی کا اہتمام کیا جائے، چیف الیکشن کمشنر کیخلاف سینیٹر اعجاز احمد چودھری کے زیرِالتواء ریفرنس پر کارروائی کی جائے اور چیف الیکشن کمشنر کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، ”بلّے“ کے نشان پر الیکشن کمیشن کے متنازعہ ترین فیصلے کو کالعدم قرار دے کر ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو ”بلّے“ کا انتخابی نشان فراہم کیا جائے۔ جمہوریت اور دستور کیخلاف سازشوں کے کلیدی کردار چیف الیکشن کمشنر کے ملک و قوم کیخلاف سنگین جرائم کا حساب قوم ضرور لے گی۔
Load/Hide Comments



