اسد عمر،علیمہ خان اورعظمی خان کی عبوری ضمانتیں سے متعلق سماعت

لاہور(آن لائن)انسداد دہشت گردی عدالت لاہورنے سیاسی رہنما اسد عمر، سابق چیرمین پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ اور عظمی خان کی عبوری درخواست ضمانتوں کے معاملے پر وکلا کو حتمی دلائل کے لیے 9 جنوری کو طلب کرلیا۔انسداد دہشت گردی عدالت میں سیاسی رہنما اسد عمر، سابق چیرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کی عبوری درخواست ضمانتوں پر سماعت ہوئی، انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی، ملزمان کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر پیش ہوئے۔عدالت میں اسد عمرنے حاضری معافی کی درخواست دائر کردی، جس پر عدالت نے اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔وکیل رانا مدثر عمرنے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ یہ محض سیاسی مقدمات ہیں جن میں درخواستگزار کے خلاف کچھ ثبوت نہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ آئندہ تاریخ پر پراسیکیوشن کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے۔عدالت نے وکلا کو حتمی دلائل کے لیے 9 جنوری کو طلب کر لیا۔ملزمان کے خلاف جناح ہاوس اور عسکری ٹاور سمیت دیگر کیخلاف جلاو گھیراو کے مقدمات درج ہیں۔