لاہور(آن لائن) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کو رول بیک نہیں کرنا چاہتے، پیپلزپارٹی پنجاب میں (ن) لیگ مخالف ووٹ کو حاصل کرنا چاہتی ہے، توقع کرتے ہیں پیپلزپارٹی کی قیادت جمہوری روایات کو پیش نظر رکھے گی، 85 فیصد حلقوں کے حوالے سے جلد اعلان کر دیا جائے گا، جہاں کوئی تنازعہ ہوا وہاں پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ اجلاس کے بعد احسن اقبال کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دانیال عزیزنے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں شوکازنوٹس جاری کر دیا، دانیال عزیز شوکاز کا جواب7دن کے اندرجمع کرائیں، دانیال عزیزاس قسم کی بیان بازی سے اجتناب کریں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا پیپلزپارٹی مخالف بات کرکے ہی ووٹرز کو متاثر کر سکتی ہے، اوئے، توئے کے کلچر نے پاکستان کی سیاست، جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ہم توقع کرتے ہیں پیپلزپارٹی کی قیادت جمہوری روایات کو پیش نظر رکھے گی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سرگودھا ڈویڑن کے امیدواروں کو بلایا گیا تھا، تمام امیدواروں کا پارلیمانی بورمیں انٹرویو کیا گیا، واضح طور پر اعلان کرتے ہیں اٹھارویں ترمیم کو رول بیک نہیں کرنا چاہتے، پاکستان کو آج تباہ کن مہنگائی کا سامنا ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی آئی ایم ایف معاہدے پر دستخط کرکے گیا، مہنگائی کا ذمہ دار سابق چیئرمین پی ٹی آئی ہے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ نے چند اصول طے کئے ہیں، جو ورکرز جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے وہاں کوئی اور آپشن نہیں ہے، رانا ثنا اللہ سے سوال کیا گیا کچھ حلقے کہہ رہے ہیں نوازشریف بقیہ علاج کے لئے شاید لندن جائیں گے، انہوں نے مسکرا کر جواب دیا یہ کونسے حلقے ہیں آپ ہی کہہ رہے ہیں۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم ادھوری ہے ہم اس کو مکمل کریں گے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا 18 ویں ترمیم کا مقصد اختیارات کونچلی سطح تک منتقل کرنا تھا، ہم ایک مضبوط بلدیاتی نظام کیذریعے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کریں گے، اگلے الیکشن میں (ن) لیگ کا بیانیہ ترقی کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 10سال خیبرپختونخوا، پیپلزپارٹی 15 سال سندھ میں لگا چکی ہے، مسلم لیگ (ن) پنجاب میں حکمرانی کرچکی ہے، کیا پیپلزپارٹی یہ کہہ سکتی ہے جو حال کراچی کا کیا وہی پورے پاکستان کا کردیں گے، پشاور کا حال سب کے سامنے ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اناڑی کو مسلط کرکے ترقی کے سفرکو تباہ کردیا گیا، ہم ترقی کے سفرکو دوبارہ شروع کریں گے، پاکستان کے چیلنجز کا حل مضبوط منتخب حکومت میں ہے، ن لیگ کے پاس صلاحیت بھی ہے اور ٹیم بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے گیارہ ہزارمیگاواٹ بجلی کے منصوبے چارسالوں میں لگا کر دکھائے، مسلم لیگ (ن) نے دہشت گردی کوختم کیا، آج مرکزی پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس ہوا، سرگودھا ڈویڑن کے100سے زائد امیدواروں کیانٹرویوز کئے گئے، 6 دسمبر کو بلوچستان کے امیدواروں کیانٹرویوہونگے، بہترین امیدواروں کوٹکٹ جاری کئے جائیں گے، ن لیگ پہلی جماعت ہے جو انتخاب کی تیاری کیلئے سنجیدہ کوششیں شروع کرچکی ہے۔احسن اقبال نے دانیال عزیز کی جانب سے تنقید سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دانیال عزیز کا احترام کرتا ہوں، دانیال عزیز کے بیانات کا افسوس ہوا، سمجھ نہیں آتی دانیال عزیز بلاول بھٹو کی زبان کیوں بول رہے ہیں۔ دانیال عزیزسے ان بیانات کی توقع نہیں تھی۔
Load/Hide Comments



