مشرق وسظی میں کشیدہ صورتحال کے باعث پاک بحریہ کا بڑا فیصلہ،پی این ایس طغرل خلیج عدن میں تعینات

اسلام آباد (آن لائن) مشرق وسظی میں کشیدہ صورتحال کے باعث پاک بحریہ کا بڑا فیصلہ، پاکستان نیوی کے جدید، ٹائپ او فائیو فور ایلفا پی، طغرل کلاس فریگیٹ، پی این ایس طغرل کو خلیج عدن میں تعینات کر دیا گیا۔ مشرق وسطیٰ کی بحری صورتحال کے پیش نظر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس طغرل کی خلیج عدن میں تعیناتی کی گئی ہے، ترجمان پاک بحریہ کے مطابق خلیج عدن میں پاکستانی تجارتی جہازوں کو کشیدہ صورتحال سے درپیش خطرات سے بچانے کیلئے پاک بحریہ نے پی این ایس طغرل کو تعینات کیا گیا ہے۔پی این ایس طغرل کی تعیناتی کا مقصد پاکستانی تجارتی بحری جہازوں کی آمدورفت کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول پر باقاعدگی سے فرائض انجام دیتے ہیں۔پاک بحریہ سمندر میں امن وامان کے قیام کیلئے کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت بھی کام کرتی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ نے واضح کیا ہے کہ پاک بحریہ خطے میں بحری امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے اپنی قومی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے۔گذشتہ روز چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی زیر صدارت پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں بھِ مشرق وسطی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے تجارتی بحری جہازوں کی حفاظت کیلئے خلیج عدن میں پاک بحریہ کے جہاز کی تعیناتی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں پاکستان کے سمندری تجارتی راستوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔