پاکستان کویت کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، انوار الحق کاکڑ

کویت سٹی (آن لائن) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات میں کیا۔ نگران وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان تجارت، توانائی، آئی ٹی، لیبر، معدنیات اور سرمایہ کاری سمیت گہری اقتصادی روابط قائم کرنے کے عزم پر زور دیا۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے صحت، سیکیورٹی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی بھرتی کے لیے کویت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔اس موقع پر کویت کے ولی عہد نے وزیراعظم کے جذبات کا جواب دیا اور کویتی قیادت کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔نگراں وزیراعظم کویت کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں جس کا بنیادی مقصد متعدد شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنا ہے جس کا مقصد چھ دہائیوں پر محیط دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنا ہے۔