نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

ابو ظہبی(آن لائن)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (BMGF) کے شریک چیئرمین مسٹر بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو گزشتہ روز بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (BMGF) کے شریک چیئرمین مسٹر بلگیٹس کا ٹیلی فون کال موصول ہوا جس میں پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں پیش رفت پر تبادلہء خیال کیا گیا۔ وزیراعظم اس وقت متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ٹیلی فون کال کے دوران، وزیر اعظم اور مسٹر گیٹس نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی اپنی ملاقات کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کو پولیو سے محفوظ ملک بنانے کی حکومت کی کوششوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے ملک کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے مسٹر گیٹس کو پاکستان بھر میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم کے بارے میں آگاہ کیا۔ مزید بر آں غذائی قلت کے مسائل اور میٹرنل ہیلتھ کے موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے حکومت اور بی ایم جی ایف کے درمیان بہترین تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ایک صحت مند اور محفوظ پاکستان کے لئے پرعزم ہے اور اس کوشش میں بی ایم جی ایف جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کی مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔